بنگلورو،یکم دسمبر(ایس اونیوز) ریاستی کابینہ میں توسیع 10دسمبر سے پہلے کرنے وزیر اعلیٰ ایچ ڈی کمار سوامی اور کانگریس قائدین کے اعلان کے بعد وزارت کے دعویداروں کی طرف سے عہدے کے لئے پارٹی اعلیٰ کمان سے رابطہ کرنے کے مقصد سے اکثر نے راجدھانی دہلی کا رخ کرلیا ہے۔
دوسر ی طرف بی جے پی کی طرف سے آپریشن کمل کے ذریعے اراکین اسمبلی کو راغب کرنے کی کوششوں کو دیکھتے ہوئے ریاستی قائدین نے اعلیٰ کمان پر زور دیا ہے کہ کابینہ میں توسیع کے عمل کو جلد از جلد پورا کرنے کی طرف آگے بڑھنے کی اجازت دی جائے۔ یہی وجہ تھی کہ پارٹی اعلیٰ کمان نے 10 دسمبر سے پہلے کابینہ میں توسیع کے لئے وزیر اعلیٰ ایچ ڈی کمارسوامی کو منظوری دی ہے۔ ریاستی قائدین کا ایک وفد عنقریب دہلی جانے والا ہے ، تاکہ صدر کانگریس راہل گاندھی سے بات چیت کرکے کابینہ کے ممکنہ شرکاء کی فہرست کو قطعیت دی جاسکے، اور کابینہ میں توسیع کے بعد بھی پارٹی کے اتحاد کو برقرار رکھا جائے۔
بتایاجاتاہے کہ کے پی سی سی صدر دنیش گنڈو راؤ ، سابق وزیراعلیٰ سدرامیا ،نائب وزیراعلیٰ ڈاکٹر پرمیشور، لوک سبھا میں کانگریس پارٹی کے لیڈر ملیکارجن کھرگے ، اور کے پی سی سی کارگزار صدر ایشور کھنڈرے نے 3دسمبر کو دہلی میں راہل گاندھی اور اے آئی سی سی جنرل سکریٹری کے سی وینو گوپال سے ملاقات کا وقت مقرر کیا ہے، چونکہ صدر کانگریس پانچ ریاستوں کے انتخابات کی مہم کے سلسلے میں مصروف ہیں ، اسی لئے 3دسمبر کے علاوہ کسی اور تاریخ میں ان کا وقت ملنا مشکل بتایا گیا ہے۔ دوسری طرف ریاستی کابینہ میں توسیع کے لئے کانگریس میں جس قدر بے چینی ہے ایسی صورت حال جے ڈی ایس میں نہیں ہے۔
کہاجاتاہے کہ وزیراعلیٰ ایچ ڈی کمارسوامی اور سابق وزیراعظم ایچ ڈی دیوے گوڈا وزارت میں توسیع کے حق میں نہیں ہیں، کیونکہ وزارت میں توسیع کا عمل پورا ہونے کے بعد وزارت سے محروم اراکین اسمبلی کی برگشتگی کے خدشات سے یہ دونوں بخوبی واقف ہیں۔ کہاجاتا ہے کہ وزیر اعلیٰ ایچ ڈی کمار سوامی نے بعض کانگریس قائدین سے کہا ہے کہ ریاستی کابینہ میں فی الوقت توسیع پر زور نہ دیا جائے، لیکن پارٹی کے اراکین اسمبلی کی طرف سے دباؤ جس طرح بڑھتا جارہاہے اسے دیکھتے ہوئے ریاستی قائدین اس بات پر مجبور ہوچکے ہیں کہ کانگریس کے حق میں مخلوعہ چھ نشستوں میں سے کم از کم چار کو پر کیا جائے تاکہ باقی دو نشستیں دکھا کر برگشتہ اراکین کو خاموش کیا جاسکے۔ تاہم 3 دسمبر کو راہل گاندھی سے ریاستی قائدین کی ملاقات کے بعد ہی یہ بات سامنے آئے گی کہ راہل گاندھی نے کمار سوامی کے مشورے پر عمل کرتے ہوئے کابینہ میں توسیع کو موخر کرنے کا فیصلہ لیا ہے یا پھر وزارت میں توسیع کے لئے ہری جھنڈی دکھانے والے ہیں۔